ضابطۂ اخلاق

ضابطۂ اخلاق

“ایک بصیرت افروز کمپنی کا جوہر یہ ہے کہ وہ اپنی بنیادی اقدار کو برقرار رکھے اور ترقی کو مہمیز دے”
(جم کولنز اور جیری پورس، بلٹ ٹو لاسٹ)

ہمارے رہنما اصول (تمام متعلقہ افراد کے لیے – ڈائریکٹرز، ملازمین، اور وابستگان)

کارپوریٹ اخلاقیات ہماری مشترکہ اقدار کے عملی اظہار کا نام ہے، جو ہماری شناخت اور باہمی توقعات کی وضاحت کرتی ہیں۔ یہ ضابطۂ اخلاق فوجی سیمنٹ کمپنی لمیٹڈ (’’ایف سی سی ایل‘‘ یا ’’کمپنی‘‘) سے وابستہ تمام افراد پر لاگو ہوتا ہے اور اُن معیارات پر مبنی ہے جو اللہ تعالیٰ اور اُس کے رسول ﷺ نے مقرر فرمائے ہیں۔

یہ ضابطۂ اخلاق (’’ضابطہ‘‘) کمپنی کی تمام سطحوں پر ذمہ دارانہ اور شفاف طرزِ عمل کو یقینی بنانے کے لیے ایک جامع فریم ورک فراہم کرتا ہے۔ فوجی سیمنٹ کمپنی لمیٹڈ اس بات کے لیے پُرعزم ہے کہ وہ متعلقہ مجاز اداروں کی جانب سے جاری کردہ قابلِ اطلاق قوانین، قواعد اور ضوابط کی سختی سے پابندی کرتے ہوئے اپنے کاروباری امور سرانجام دے، اور دیانت داری، پیشہ ورانہ مہارت اور اخلاقی طرزِ عمل کے اعلیٰ ترین معیارات کو برقرار رکھے۔

تعریفات

ضابطۂ اخلاق

افراد یا گروہوں کے لیے اصولوں کا ایک مجموعہ جو رویّوں کے معیارات، ذمہ داریوں اور مناسب طریقۂ کار کی وضاحت کرتا ہے۔

کارپوریٹ ضابطۂ اخلاق

اخلاقی اور گورننس معیارات کا ایک مدوَّن مجموعہ جو کسی ادارے کی جانب سے اختیار کیا جاتا ہے۔

ڈائریکٹرز کے لیے ضابطۂ اخلاق

پالیسی بیان اور قواعد کا مجموعہ جو ڈائریکٹرز کو کمپنی کے کاروبار سے متعلق فیصلے کرنے اور اپنے طرزِ عمل میں رہنمائی فراہم کرتا ہے۔

وابستگان / بیرونی وابستگان

کوئی بھی فرد، ٹھیکیدار، کنسلٹنٹ، سپلائر یا کاروباری شراکت دار جو فوجی سیمنٹ کمپنی لمیٹڈ کے ساتھ منسلک ہو اور کمپنی سے متعلق معاملات میں اس ضابطۂ اخلاق کی پابندی کا پابند ہو۔

انسدادِ ہراسانی پالیسی

ضابطۂ اخلاق کے ساتھ مربوط ایک علیحدہ پالیسی، جو ہراسانی یا امتیازی سلوک سے متعلق شکایات کی رپورٹنگ، تفتیش اور حل کے لیے تفصیلی طریقۂ کار فراہم کرتی ہے۔

اسپیک اَپ میکانزم / وہسل بلوئنگ چینلز

ایف سی سی ایل کی علیحدہ وہسل بلوئنگ پالیسی کے تحت فراہم کردہ رپورٹنگ میکانزم اور مخصوص چینلز، جن کے ذریعے ملازمین اور دیگر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز بدعنوانی، اخلاقی خلاف ورزیوں یا ایف سی سی ایل کی اقدار سے ہم آہنگ نہ ہونے والی سرگرمیوں سے متعلق خدشات کو رازداری کے ساتھ اور کسی بھی انتقامی کارروائی سے تحفظ کے ساتھ رپورٹ کر سکتے ہیں۔

ای ایس جی طریقۂ کار

ماحولیاتی، سماجی اور گورننس معیارات سے متعلق کارپوریٹ اقدامات اور ذمہ داریاں، جن میں پائیداری، وسائل کا تحفظ، پیشہ ورانہ صحت و سلامتی، منصفانہ محنت کے طریقے، انسانی حقوق اور اخلاقی سپلائی چین مینجمنٹ شامل ہیں۔

سیکشن 1

تمام متعلقہ افراد کی بنیادی ذمہ داریاں

ہماری مشترکہ اقدار / بنیادی اصول

ایف سی سی ایل میں ہماری مشترکہ اقدار ہمارے طرزِ عمل کی اساس ہیں۔ اِن اقدار کی پاسداری ڈائریکٹرز، ملازمین اور کمپنی سے وابستہ تمام افراد کرتے ہیں، جس کے نتیجے میں مقصد میں ہم آہنگی اور اقدامات میں تسلسل برقرار رہتا ہے۔

دیانت داری اور راست بازی:

  • تمام معاملات میں سچائی، انصاف اور شفافیت کو اپناتے ہوئے اخلاقیات، دیانت داری اور وقار کے اعلیٰ ترین معیارات کے مطابق عمل کرنا۔
  • رشوت، سہولت کاری ادائیگیوں اور ایسے تحائف یا مہمان نوازی کی پیشکش یا قبولیت پر مکمل پابندی، جو کمپنی کے مفادات کو متاثر کرے، کیونکہ ایسی سرگرمیاں بے قاعدگی کے زمرے میں آتی ہیں۔

احترام، وقار اور انسدادِ ہراسانی:

  • ہر فرد کی قدر کرتے ہوئے ساتھیوں، شراکت داروں اور اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ وقار، انصاف اور باہمی احترام کے ساتھ پیش آنا۔
  • ایسے جامع اور ہمہ گیر کام کے ماحول کو فروغ دینا جو ہراسانی، بدمعاشی یا جنس، مذہب، نسل، معذور افراد یا کسی بھی دوسرے امتیازی عنصر کی بنیاد پر امتیاز سے پاک ہو۔
  • جنسی ہراسانی کے لیے صفر برداشت (Zero Tolerance) کو یقینی بنانا، جو سختی سے ممنوع ہے اور قانون کے مطابق تادیبی کارروائی کے تابع ہے۔ شکایات کی رپورٹنگ، تفتیش اور ازالے کے لیے ایک علیحدہ انسدادِ ہراسانی پالیسی موجود ہے، جسے ایف سی سی ایل کے ضابطۂ اخلاق کا لازمی حصہ تصور کیا جاتا ہے۔
  • باہمی تعاون کی ثقافت کو فروغ دینا اور اس حقیقت کو تسلیم کرنا کہ کامیابی کسی ایک فرد کے اکیلے عمل سے حاصل نہیں کی جا سکتی۔

انسدادِ رشوت، انسدادِ بدعنوانی اور انسدادِ منی لانڈرنگ

ایف سی سی ایل بدعنوانی اور مالی جرائم کے خلاف ہر صورت میں صفر برداشت (Zero Tolerance) کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، خواہ یہ براہِ راست ہوں یا بالواسطہ۔ ہمیں کبھی بھی درج ذیل امور میں ملوث نہیں ہونا چاہیے:

  1. رشوت، کمیشن ، سہولت کاری ادائیگیوں یا نامناسب تحائف کی پیشکش، ادائیگی، طلب یا قبولیت۔
  2. کمپنی کے فنڈز یا اثاثوں کو بدعنوان یا غیر قانونی مقاصد کے لیے استعمال کرنا۔
  3. کاروباری فائدہ حاصل کرنے کے لیے دھوکہ دہی، فریب یا غیر اخلاقی طریقوں کا سہارا لینا۔
  4. منی لانڈرنگ یا غیر قانونی سرگرمیوں کی مالی معاونت میں شرکت یا سہولت کاری کرنا۔

تمام کاروباری معاملات شفاف، باقاعدہ طور پر ریکارڈ شدہ اور آڈٹ کے لیے قابلِ رسائی ہونے چاہییں۔ انسدادِ رشوت، انسدادِ بدعنوانی یا انسدادِ منی لانڈرنگ کے اصولوں کی کسی بھی مشتبہ خلاف ورزی کی فوری طور پر نامزد رپورٹنگ چینلز کے ذریعے اطلاع دینا لازم ہے۔

انسانی حقوق اور جبری / لازمی / چائلڈ لیبر

  1. بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ انسانی حقوق کا احترام کرنا، بشمول انسانی حقوق کے عالمی اعلامیے  کے اصولوں اور متعلقہ آئی ایل او کنونشنز۔
  2. غلامی، انسانی اسمگلنگ، چائلڈ لیبر، بیگار، جبری یا لازمی مشقت کی تمام اقسام پر مکمل پابندی، نیز ایسے تمام طریقوں کی ممانعت جو آزادیِ انتخاب یا نقل و حرکت کو محدود کریں—یہ پابندی تمام آپریشنز اور سپلائی چین پر لاگو ہوگی۔
  3. منصفانہ، محفوظ اور باوقار کام کے حالات کو یقینی بنانا، جن میں باہمی رضامندی سے طے شدہ معاہدے، قانونی اجرتیں اور انفرادی حقوق کا احترام شامل ہو۔
  4. انتقامی کارروائی کے خوف کے بغیر قابلِ رسائی شکایتی اور رپورٹنگ میکانزم فراہم کرنا۔

قانونی اور تعمیلی ذمہ داریاں

  1. اکستان کے تمام قابلِ اطلاق قوانین، قواعد اور ضوابط کی پابندی کو یقینی بنانا، جن میں کمپنیز ایکٹ، 2017 اور ایس ای سی پی کے ضوابط شامل ہیں۔
  2. کمپنی کی تمام سرگرمیوں کو قابلِ اطلاق قوانین، ضوابط اور اعلیٰ ترین اخلاقی معیارات کے مطابق انجام دینا۔
  3. مقامی، قومی اور بین الاقوامی حکام کے ساتھ مکمل تعاون کرنا، جس کے ذریعے ہماری کارپوریٹ اقدار اور دیانت داری کو مزید مضبوط کیا جاتا ہے۔

رازداری

خفیہ معلومات:
ہم کمپنی کی خفیہ اور ملکیتی معلومات کے تحفظ کے لیے پُرعزم ہیں۔ کمپنی سے وابستہ تمام افراد اپنی ذمہ داریوں کی انجام دہی کے دوران حاصل ہونے والی غیر عوامی معلومات کی حفاظت کے پابند ہیں اور اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ایسی معلومات ذاتی فائدے کے لیے نہ تو افشا کی جائیں اور نہ ہی استعمال ہوں۔ یہ ذمہ داری اہم غیر عوامی معلومات تک بھی محیط ہے، جن میں کمپنی کے حصص میں لین دین پر عائد پابندیاں شامل ہیں، اور یہ ذمہ داری کمپنی چھوڑنے کے بعد بھی برقرار رہتی ہے۔

ذمہ دارانہ ابلاغ:
افراد کو کسی بھی عوامی ابلاغی پلیٹ فارم، بشمول سوشل میڈیا، کے استعمال کے دوران محتاط اور ذمہ دارانہ رویہ اختیار کرنا چاہیے۔

اعتماد اور اثاثوں کا ذمہ دارانہ استعمال

کمپنی اپنے ڈائریکٹرز، ملازمین اور تمام وابستگان کو وسائل کے استعمال سے متعلق اہم ذمہ داریاں سونپتی ہے۔ کمپنی کے اثاثوں، فنڈز یا اختیارات کے کسی بھی غلط استعمال یا ناجائز تصرف کی سختی سے ممانعت ہے اور اسے اس ضابطۂ اخلاق کی سنگین خلاف ورزی تصور کیا جائے گا۔ کمپنی کی تمام املاک، بشمول دفتری سامان، پیداواری آلات، آئی ٹی سسٹمز، ای میل، انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا، صرف جائز کاروباری مقاصد کے لیے استعمال کی جائیں گی اور انہیں کبھی بھی ذاتی، غیر قانونی یا غیر اخلاقی سرگرمیوں کے لیے استعمال نہیں کیا جا سکتا۔ ایف سی سی ایل “اسپیک اَپ” میکانزم کے فروغ کی حوصلہ افزائی کرتا ہے، جس کے ذریعے ملازمین اور دیگر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کسی بھی بدعنوانی، بے ضابطگی یا ایسے اقدامات سے متعلق خدشات رپورٹ کر سکتے ہیں جو کمپنی کی اقدار سے ہم آہنگ نہ ہوں۔

اعلیت

ہم مسلسل بہتری اور جدّت کے لیے کوشاں رہتے ہیں، اور کارکردگی کے اعلیٰ ترین معیارات حاصل کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔

سیکشن 2

ڈائریکٹرز کے لیے مخصوص اصول

اخلاقی معیارات اور امانتی ذمہ داریاں

کمپنی اس امر کی پابند ہے کہ وہ ریگولیٹری اداروں کی جانب سے جاری کردہ قابلِ اطلاق قوانین، قواعد اور ضوابط کے مطابق اپنے کاروباری امور انجام دے، اور ساتھ ہی اخلاقیات، پیشہ ورانہ مہارت اور جوابدہی کے اعلیٰ ترین معیارات کی پاسداری کرے۔ بورڈ آف ڈائریکٹرز نے اس ضابطۂ اخلاق کو دیانت داری، صداقت، وفاداری، شفافیت اور مفادات کے تصادم سے اجتناب کے عزم کی علامت کے طور پر اختیار کیا ہے۔ یہ سیکشن:

  1. ڈائریکٹرز کو ان کی امانتی ذمہ داریوں کی انجام دہی کے لیے رہنما اصول فراہم کرتا ہے۔
  2. اخلاقی خطرات کے اہم شعبہ جات کو نمایاں کرتا ہے اور مناسب طرزِ عمل کے معیارات مقرر کرتا ہے۔
  3. کمپنیز ایکٹ، 2017، کمپنیز (کوڈ آف کارپوریٹ گورننس) ریگولیشنز، 2019 اور دیگر قابلِ اطلاق ضوابط کے ساتھ ہم آہنگی کو یقینی بناتا ہے۔
  4. ایف سی سی ایل میں ذمہ داری، پائیداری اور اعتماد کی ثقافت کو مضبوط بناتا ہے۔
  5. تقرری کے وقت اور بعد ازاں سالانہ بنیادوں پر دیگر کمپنیوں میں تمام ڈائریکٹرشپس اور رکنیتوں کا انکشاف کرنا۔
  6. جہاں مفادات کا تصادم موجود ہو وہاں بورڈ کی بحث و تمحیص میں شرکت سے اجتناب کرنا۔
  7. خود یا شریکِ حیات کے ذریعے ایف سی سی ایل کے حصص سے متعلق کسی بھی لین دین کی مکمل تفصیلات کے ساتھ کمپنی سیکریٹری کو بروقت اطلاع دینا۔

عمومی طرزِ عمل کے تقاضے

کمپنی اس امر کی پابند ہے کہ وہ ریگولیٹری اداروں کی جانب سے جاری کردہ قابلِ اطلاق قوانین، قواعد اور ضوابط کے مطابق اپنے کاروباری امور انجام دے، اور ساتھ ہی اخلاقیات، پیشہ ورانہ مہارت اور جوابدہی کے اعلیٰ ترین معیارات کی پاسداری کرے۔ بورڈ آف ڈائریکٹرز نے اس ضابطۂ اخلاق کو دیانت داری، صداقت، وفاداری، شفافیت اور مفادات کے تصادم سے اجتناب کے عزم کی علامت کے طور پر اختیار کیا ہے۔ یہ سیکشن:

  1. حقیقی یا ظاہری مفادات کے تصادم کی صورتِ حال سے اجتناب کرنا اور ایسی کسی بھی صورتحال کی فوری طور پر بورڈ کو اطلاع دینا۔
  2. ورڈ کی صریح اجازت کے بغیر کمپنی کی املاک، معلومات یا عہدے کو ذاتی فائدے کے لیے استعمال کرنے سے گریز کرنا۔
  3. ایسے عوامی بیانات دینے سے اجتناب کرنا جو کمپنی کی ساکھ یا اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ اس کے تعلقات کو منفی طور پر متاثر کریں۔
  4. ایسے تحائف، مراعات یا خصوصی سلوک قبول کرنے سے گریز کرنا جو کاروباری فیصلوں پر اثر انداز ہوں یا ایسا تاثر دیں کہ اثر انداز ہو سکتے ہیں۔
  5. آراء اور فیڈبیک کو کشادہ دلی سے قبول کرنا اور جہاں مناسب ہو اس کی بنیاد پر بہتری لانا۔
  6. مختلف خیالات اور نقطۂ نظر کے لیے کشادگی اختیار کر کے فکری تنوع کو فروغ دینا۔

انکشاف اور مفادات کا تصادم

  1. ڈائریکٹرز پر لازم ہے کہ وہ کسی بھی ذاتی یا مالی مفاد کا انکشاف کریں جو کمپنی کے مفادات سے متصادم ہو یا متصادم دکھائی دے۔
  2. کوئی بھی ڈائریکٹر اپنے عہدے کو ذاتی فائدے کے لیے استعمال نہیں کرے گا اور نہ ہی اپنے یا اپنے اہلِ خانہ کے مفاد میں فیصلوں پر اثر انداز ہونے کی کوشش کرے گا۔

اندرونی معلومات کی بنیاد پر شیئرز میں لین دین (انسائیڈر ٹریڈنگ)

ڈائریکٹرز، جنہیں قیمت پر اثر انداز ہونے والی معلومات تک رسائی حاصل ہوتی ہے، بند ادوار کے دوران ایف سی سی ایل کے حصص میں بلاواسطہ یا بالواسطہ کسی بھی قسم کا لین دین نہیں کریں گے اور نہ ہی ایسی معلومات کو ذاتی فائدے کے لیے استعمال کریں گے۔

اعتماد کی خلاف ورزی

  1. ڈائریکٹرز کسی بھی غیر قانونی یا بدعنوان عمل میں ملوث ہونے سے اجتناب کریں گے، جن میں کمپنی کے اثاثوں یا فنڈز کا غلط استعمال یا ناجائز تصرف شامل ہے۔
  2. کوئی بھی ایسا عمل جو ڈائریکٹر پر کیے گئے امانتی اعتماد کو مجروح کرے، اس ضابطۂ اخلاق کی سنگین خلاف ورزی تصور کیا جائے گا۔

کارپوریٹ رپورٹنگ

  1. ڈائریکٹرز ریگولیٹرز، شیئر ہولڈرز اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ تمام ابلاغ میں شفافیت، درستگی اور جوابدہی کو فروغ دیں گے۔
  2. اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ سادہ، واضح اور قابلِ فہم انداز میں رابطہ رکھنا، اور بروقت، متعلقہ اور پیشگی معلومات فراہم کرنا۔
  3. تمام سرکاری اور باضابطہ معاملات میں شائستگی، پیشہ ورانہ مہارت اور احترام کو برقرار رکھنا لازم ہوگا۔

پائیداری اور ای ایس جی سے متعلق ذمہ داریاں

  1. ایف سی سی ایل کے ڈائریکٹرز ماحولیاتی پائیداری اور سماجی ذمہ داری سے متعلق کمپنی کے عزم کی فعال طور پر حمایت کریں گے۔
  2. وہ اخراجات میں کمی، وسائل کے تحفظ اور توانائی کے مؤثر و ماحول دوست طریقوں کو اپنانے سے متعلق اقدامات کی نگرانی کریں گے۔
  3. ڈائریکٹرز پیشہ ورانہ صحت و سلامتی کے معیارات کی سختی سے پابندی کو یقینی بنائیں گے۔
    بورڈ منصفانہ محنت کے طریقوں، انسانی حقوق کے احترام اور اخلاقی سپلائی چین مینجمنٹ کو فروغ دے گا۔
  4. ڈائریکٹرز شفاف ESG انکشافات کی نگرانی کریں گے اور عالمی پائیداری رپورٹنگ فریم ورکس کے ساتھ ہم آہنگی کو یقینی بنائیں گے۔

تعمیل، نفاذ اور توثیق

  1. بورڈ سالانہ بنیادوں پر اس ضابطۂ اخلاق کی تعمیل کی نگرانی کرے گا۔
  2. ضابطۂ اخلاق کی کسی بھی خلاف ورزی کی اطلاع چیئرپرسن آڈٹ کمیٹی کو دی جائے گی، جو قابلِ اطلاق قوانین اور کمپنی کی پالیسیوں کے مطابق کارروائی کا آغاز کریں گے۔
  3. ڈائریکٹرز ہر سال اس ضابطۂ اخلاق کی تعمیل کی تصدیق کرتے ہوئے ایک اعلامیہ پر دستخط کریں گے۔

سیکشن 3

ملازمین کے عہد و پابندیاں

ملازمین کی مخصوص ذمہ داریاں

ہر ملازم کارپوریٹ اخلاقیات کی پاسداری کا ذمہ دار ہے اور اس پر لازم ہے کہ وہ:

  1. اس ضابطۂ اخلاق کو لفظاً اور روحاً سمجھے اور اس پر عمل کرے۔
  2. اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی مکمل پابندی کرے۔
  3. اپنے طرزِ عمل کی ذاتی ذمہ داری قبول کرے۔
  4. اس ضابطۂ اخلاق کی کسی بھی خلاف ورزی کی مناسب رپورٹنگ چینلز کے ذریعے اطلاع دے۔

کارپوریٹ ریکارڈز

ملازمین اس بات کے پابند ہیں کہ وہ درست، دیانت دارانہ اور مکمل ورک ریکارڈز برقرار رکھیں۔ کمپنی کی دستاویزات اور ریکارڈز کمپنی کے اثاثوں کا حصہ ہیں، اور ان کی درستگی اور حفاظت کی ذمہ داری ملازمین پر عائد ہوتی ہے۔ ملازمین سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ بہترین ریکارڈ مینجمنٹ کی مہارتوں کا مظاہرہ کریں، معلومات کو درست اور ایمانداری سے ریکارڈ کریں، اور ریکارڈز کو اتنی مدت تک محفوظ رکھیں جو کاروباری مقاصد اور سرکاری ضوابط کی تکمیل کے لیے ضروری ہو۔ مالی ریکارڈز میں کمپنی کے تمام مالی لین دین کی درست عکاسی ہونی چاہیے۔ کسی بھی وجہ سے کمپنی کی کتابوں اور ریکارڈز میں کوئی غلط، مصنوعی یا گمراہ کن اندراج نہیں کیا جائے گا۔

مفادات کا تصادم

ملازمین کو ایسی تمام صورتِ حال سے اجتناب کرنا ہوگا جہاں ذاتی مفادات کمپنی کی ذمہ داریوں میں مداخلت کریں یا ایسا تاثر پیدا ہو۔ بیرونی ملازمت، حریف اداروں میں مالی مفادات رکھنا، یا اپنے عہدے کو ذاتی فائدے کے لیے استعمال کرنا ممنوع ہے۔

حفاظت، صحت اور ماحولیات

ہم سب حفاظتی اور صحت سے متعلق قواعد و طریقۂ کار کی پابندی کرتے ہوئے محفوظ کام کی جگہ برقرار رکھنے کے ذمہ دار ہیں۔ کسی بھی حادثے، چوٹ، یا غیر محفوظ آلات، طریقۂ کار یا حالات کی فوری طور پر سپروائزر یا نامزد شخص کو اطلاع دینا ہماری ذمہ داری ہے۔ ہم اپنی کام کی جگہ کو خطرات سے پاک رکھنے کے لیے پُرعزم ہیں۔ اسی طرح ہم ماحولیاتی ذمہ داری کے بھی پابند ہیں، اپنے ماحولیاتی اثرات کو کم کرنے اور جہاں قابلِ اطلاق ہو ماحولیاتی تحفظ سے متعلق تمام قوانین اور ضوابط کی تعمیل کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔

معیار سے وابستگی

ہماری کوالٹی پالیسی ہماری کاروباری فلسفے کا لازمی حصہ ہے اور ہم صارفین کے مکمل اطمینان کی فراہمی کے لیے پُرعزم ہیں۔ ہم عوام کو بہترین معیار کا سیمنٹ فراہم کرنے کے پابند ہیں جو مکمل طور پر مقررہ معیارات پر پورا اترتا ہو اور صارفین کی ضروریات و توقعات کو بخوبی پورا کرے۔

کارپوریٹ تشخص اور سوشل میڈیا

کمپنی کی ساکھ اور شناخت اس کے قیمتی ترین اثاثوں میں شامل ہیں۔ کارپوریٹ تشخص کو برقرار رکھنے اور مزید مضبوط بنانے کے لیے ہم قانونی، اخلاقی اور اقداری اصولوں کے مطابق کاروبار کرنے اور کاروباری کامیابی سے حاصل ہونے والے فوائد کو معاشرے کے ساتھ بانٹنے پر یقین رکھتے ہیں۔
تمام ملازمین، بالخصوص انتظامی عہدوں پر فائز افراد، سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ اندرونی اور بیرونی دونوں سطحوں پر ایسا طرزِ عمل اختیار کریں جو کمپنی کی ساکھ اور شناخت کی مثبت عکاسی کرے۔ کسی کو بھی ایسا عمل نہیں کرنا چاہیے یا کوئی ایسا بیان نہیں دینا چاہیے جو ملازمین، صارفین یا وسیع تر برادری میں کمپنی کی ساکھ یا تشخص کو نقصان پہنچائے۔ ملازمین کو سوشل میڈیا کے استعمال میں خصوصی احتیاط برتنی چاہیے اور اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ ان کے ذاتی بیانات ایف سی سی ایل کی ساکھ کو متاثر نہ کریں۔ غیر مصدقہ معلومات، سنی سنائی باتوں یا ایسی آراء کا اشتراک جو گمراہ کن ہوں، غلط معلومات پھیلائیں یا کمپنی اور اس کے اسٹیک ہولڈرز کی ساکھ کو نقصان پہنچائیں، سختی سے ممنوع ہے۔

ای ایس جی طریقۂ کار

ملازمین کو کمپنی کے ای ایس جی اقدامات اور پائیدار طریقۂ کار کی حمایت کرنی چاہیے۔

اسٹیک ہولڈرز اور کاروباری شراکت دار

ملازمین پر لازم ہے کہ وہ تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ منصفانہ طرزِ عمل اختیار کریں۔ ایف سی سی ایل اپنے ٹھیکیداروں، سپلائرز اور کاروباری شراکت داروں سے بھی اسی نوعیت کے اخلاقی معیارات کی پابندی کی توقع رکھتا ہے۔ ملازمین کو ایف سی سی ایل کے بہترین مفاد میں عمل کرنا چاہیے اور تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ منصفانہ اور شفاف روابط برقرار رکھنے چاہییں۔

تعمیل، رپورٹنگ اور نفاذ

اس ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی کی صورت میں تادیبی کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے، جس میں ملازمت کا خاتمہ اور قانونی کارروائی بھی شامل ہو سکتی ہے۔ ملازمین کو حوصلہ افزائی کی جاتی ہے کہ وہ اپنے خدشات نامزد رپورٹنگ چینلز، بشمول وہسل بلوئنگ میکانزم، کے ذریعے رپورٹ کریں، جہاں رازداری اور انتقامی کارروائی سے تحفظ کی یقین دہانی فراہم کی جاتی ہے۔

سیکشن 4

عمومی دفعات

ترسیل

یہ ضابطۂ اخلاق انگریزی اور اردو دونوں زبانوں میں جاری کیا جائے گا اور کمپنی کے احاطے میں نمایاں مقامات پر آویزاں کیا جائے گا، تاکہ کمپنیز (کوڈ آف کارپوریٹ گورننس) کے قاعدہ 10 (4) (xvi) (d) کے مطابق تمام متعلقہ افراد میں اس سے آگاہی کو یقینی بنایا جا سکے۔

جوابدہی

ملازمین، ڈائریکٹرز اور تمام وابستگان اس ضابطۂ اخلاق کی پابندی کے ذمہ دار ہیں۔ کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں تادیبی یا قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔

منظوری دینے والا اختیار

آڈٹ کمیٹی کی سفارش کے بعد بورڈ آف ڈائریکٹرز اس ضابطۂ اخلاق کی منظوری دے گا۔

جائزہ / نظرِ ثانی

یہ ضابطۂ اخلاق بورڈ کی جانب سے ہر تین سال میں ایک مرتبہ جائزہ لیا جائے گا، یا ضرورت محسوس ہونے پر اس سے پہلے، تاکہ قابلِ اطلاق قوانین، گورننس معیارات اور بہترین عملی طریقۂ کار کے ساتھ مسلسل ہم آہنگی کو یقینی بنایا جا سکے۔

ضمائم

AI Powered Virtual HR Assistant icon